Some important facts about Pakistan

Some important facts about Pakistan 

پاکستان کے بارے میں چند حقائق جو شاید آپ نہ جانتے ہوں۔

تحریر: ڈاکٹر نثار احمد

·        دوستو ہم دوسرے ممالک کے بارے میں تو بہت کچھ جانتے ہیں یا پھر ان سے متعلق آئے روز ہماری معلومات میں اضافہ ہوتا رہتا ہے لیکن اپنے پیارے ملک پاکستان کے حوالے سے آج بھی ہم کم ہی جانتے ہیں- آج کی اس تحریر میں میں آپ کو پاکستان سے متعلق چند اہم معلومات فراہم کروں گا- ممکن ہے کہ اس میں سے کئی باتیں آپ پہلے سے جاتنے ہوں لیکن بعض ایسی بھی ہیں جو یقیناً آپ کے لیے نئی ثابت ہوں گی۔

·        ہمارا پیار ملک پاکستان جو کئی لحاظ سے دنیا میں ایک منفرد ملک ہے۔ پاکستان، جس میں دنیا کی دوسری سب سے بڑی چوٹی کے ٹو موجود ہے ۔ پاکستان، جس میں دنیا کی آٹھ ہزار میٹر سے بلند 14 چوٹیوں میں سے 5 چوٹیاں موجود ہیں۔ مزید یہ کہ پاکستان میں 7000 میٹر سے بلند 4555 چوٹیاں موجود ہیں جبکہ 5000 اور 6000 میٹر سے بلند چوٹیوں کا کوئی حساب ہی نہیں۔ دنیا کے تین سب سے بلند پہاڑی سلسلے یعنی کہ کوہ ہمالیہ، کوہ قراقرم اور کوہ ہندوکش پاکستان میں موجود ہیں۔ ان بڑے پہاڑی سلسلوں کے علاوہ بھی پاکستان میں کئی چھوٹے بڑے پہاڑی سلسلے موجود ہیں۔

·        پاکستان کو سرکاری سطح پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے جانا جاتا ہے- پاکستان دنیا کا چھٹا سب سے بڑی آبادی والا ملک ہے جس کی آبادی 22 کروڑ سے زائد افراد پر مشتمل ہے- یہ رقبے کے لحاظ سے یہ دنیا کا 36واں سب سے بڑا ملک بھی ہے-

·        ارضیاتی اعتبار سے وہ زمین جہاں پاکستان واقع ہے دو مختلف ٹیکٹانک پلیٹوں کا حصہ ہے۔ پاکستان کا وہ حصہ جو دریائے سندھ کے مشرق میں ہے اورئینٹل پلیٹ کا حصہ ہے جبکہ دریائے سندھ کے مغرب میں موجود حصہ پیلی آرکٹک پلیٹ کا حصہ ہے۔ ماہرین ارضیات کے مطابق اورئینٹل پلیٹ جس میں پاکستان کا مشرقی حصہ، بھارت، نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش وغیرہ کے ممالک شامل ہیں، آج سے 7 کروڑ سال قبل افریقہ یعنی ایتھوپین پلیٹ کا حصہ تھی۔ جہاں آج بھارت اور پاکستان واقع ہیں یہاں کبھی سمندر ہوا کرتا تھا جس کا نام بحیرہ ٹیتھائس تھا۔ آج سے 7 کروڑ سال قبل اورئینٹل پلیٹ ایتھوپین پلیٹ سے الگ ہو کر شمال مشرق کی طرف سفر کرنے لگی اور تقریبن 4 کروڑ سال قبل یہ پیلی آرکٹک پلیٹ سے ٹکرائی۔ اس ٹکرائو سے دو زمینی ساختیں وجود میں آئیں۔ ایک طرف تو دریائے سندھ بنا جبکہ دوسری طرف اس ٹکرائو سے کوہ ہمالیہ کے بلند و بالا پہاڑ معرض وجود میں آئے جو پاکستان سمیت تمام برصغیر کو ایک کمان کی صورت میں گھیرے ہوئے ہیں۔

·        ماہرین ارضیات کے مطابق آج بھی اورئینٹل پلیٹ شمال مشرق کی طرف محو حرکت ہے جس کی وجہ سے کوہ ہمالیہ کے پہاڑوں کی بلندی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ پاکستان چونکہ دو مختلف پلیٹوں پر واقع ہے اس لئے یہاں زلزلے آنے کے امکانات بھی زیادہ ہیں۔

·        جہاں آج پاکستان واقع ہے یہ علاقہ قبل از تاریخ سے مختلف ثقافتوں کا مرکز رہا ہے جن میں وادئ سندھ اور گندھارا کی تہذیبیں قابل ذکر ہیں۔ آج بھی ان تہذیبوں کے آثار آپ کو موہونجودڑو اور ٹیکسلا وغیرہ میں مل سکتے ہیں۔ پاکستان ایک قدیم ترین تہذیب کا بھی مالک ہے جسے مہر گڑھ کے نام سے جانا جاتا ہے- اس تہذیب کی تاریخ 6 ہزار سال قبلِ مسیح سے جا ملتی ہے-

·        قدیم آریا لوگ اس سر زمین پر دو ہزار قبل مسیح آئے اور اسے اپنا مسکن بنا دیا۔ اس خطے میں اسلام کی آمد 712 میں محمد بن قاسم کے سندھ کو فتح کرنے سے ہوئی۔ مسلمانوں نے برصغیر پاک و ہند پر تقریباً ایک ہزار سال تک حکمرانی کی جن میں سب سے نمایاں سلطنت مغلیہ سلطنت تھی۔ برطانیہ کی ایسٹ انڈیا کمپنی کے برصغیر میں قیام کے کچھ عرصہ بعد انگریزوں کی اس خطے میں مداخلت بڑھتی گئی جسے روکنے کیلئے 1857 میں جنگ آزادی لڑی گئی۔ اس جنگ کی ناکامی کے بعد یہ سرزمین براہ راست تاج برطانیہ کا حصہ بن گئی۔ 14 اگست 1947 کو اس سرزمین پر ایک نیا ملک پاکستان معرض وجود میں آیا جو آج بھی اپنی آن اور شان کے ساتھ موجود ہے۔

·        پاکستان کے ہمسایہ ممالک میں بھارت، چین، افغانستان اور ایران شامل ہیں۔ پاکستان کے جنوب میں بحیرہ عرب بھی واقع ہے۔

·        پاکستان کا جھنڈا قائد اعظم محمد علی جناح نے ڈیزائن کیا۔

·        ہمارے پاس ضلع جہلم میں دنیا کی سب سے بڑی نمک کی کان ہے موجود ہے جو تقریبا 20 کلو میٹر تک پھیلی ہوئی ہے ۔ اور یہ نمک بھی خالص ترین نمک ہے ۔ کھیوڑہ کے نام سے یہ جگہ دنیا بر مین جانی پہچانی جاتی ہے ۔

·        جدید ترین جائزے کے مطابق ہمارے پیارے صوبوں بلوچستان اور سندھ میں پائے جانے والے کوئلے کے ذخائر دنیا میں پائے جانے والے کوئلوں کے بڑے ذخائر میں سے ایک ہیں۔

·        ہماری سرزمین سے چونے کا پتھر بھی خالص ترین چونے کے پتھروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس سے بننے والا سیمنٹ کسی بھی طرح معیار میں کم نہیں۔

·        ہمارے صوبے بلوچستان میں پائے جانے والے جنگلات دنیا کے منفرد ترین جنگلات میں سے ایک ہیں۔ صنوبر کے یہ جنگلات انتہائی قدیم ہیں جن کی عمر 5000 سال سے بھی زیادہ ہے۔اس طرح کی جنگلات دنیا میں بہت کم جگہوں پر موجود ہیں۔۔

·        ہمارے جنگلی حیات میں ایک طرف خوبصورت برفانی تیندوا موجود ہے تو دوسری طرف مارخور، آئبیکس، اڑیال اور مارکو پولو بھیڑ جیسے خوبصورت جانور بھی موجود ہیں۔ جہان ایک طرف ہمارے جنگلات میں سرخاب، مونال اور مور جیسے خوبصورت پرندے پائے جاتے ہیں وہاں ہی دوسری طرف انتہائی خوبصورت پرندہ تلور ہمارے صحرائوں کی زینت ہے۔

·        یہاں جہاں ایک طرف بلائنڈ ریور ڈولفن موجود ہے وہاں ہی دوسری طرف سنگ چور نامی سانپ بھی پایا جاتا ہے

·        جو دنیا کے زہریلے ترین سانپوں میں سے ایک ہے۔

·        دنیا میں سب سے میٹھے اور لذیذ آم شجاع آباد پاکستان میں پائے جاتے ہیں۔

·        دنیا کی سب سے بڑی مصنوعی جھیل تربیلا جھیل ہے ۔

·        پنکھوں کی سب سے بڑی صنعت ہمارے شہروں گوجرانوالہ اور گجرات میں موجود ہے ۔

·        لکڑی کے مشہور و معروف فرنیچر کیلئے ہمارا شہر چنیوٹ مشہور ہے۔

·        دنیا کا سب سے بڑا قبرستان ٹھٹھہ میں ہے ۔

·        دنیا کے سب سے کم عمر سول جج کا اعزاز بھی ایک پاکستانی جج کے پاس ہے- محمد الیاس صرف 20 سال اور 9 ماہ کی عمر میں جج بنے تھے-

·        دنیا کا واحد زرخیز صحرا بھی پاکستان میں واقع ہے اور اسے ہم تھرپاکر صحرا کے نام سے جانتے ہیں-

·        ایک سروے کے مطابق پاکستان کے قومی ترانے کی دھن دنیا کے سب سے سریلے قومی ترانوں میں سرفہرست ترانوں میں سے ایک ہے- پاکستان کے قومی ترانے کا دورانیہ 80 سیکنڈ ہے-

·        دنیا کا سب سے طویل ترین گلیشیر سسٹم بھی پاکستان میں پایا جاتا ہے جسے بیافو گلیشیر کے نام سے جانا جاتا ہے-

·        پاکستان دنیا کا دوسرا سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک ہے- اس حوالے سے پہلے نمبر پر انڈونیشیا ہے-

·        سلور اسٹالون کی مشہور زمانہ فلم ریمبو تھری پاکستان میں فلمائی گئی تھی-

·        شلوار قمیض پاکستان کا قومی لباس ہے جسے پاکستانی 80 سے 90 فیصد آبادی پہنتی ہے-

·        پاکستان تجارتی لحاظ سے براعظم ایشیاء میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ سی پیک تجارتی منصوبے کے بعد خطے میں پاکستان کی تجارتی اہمیت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ پاکستان میں دنیا کی سب سے بڑے گہرے سمندر والی بندرگاہ گوادر بندرگاہ موجود ہے۔ اس بندرگاہ سے چین سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں کی مستقبل کی زیادہ تر تجارت ہونا متوقع ہے۔

·        پاکستان میں دنیا کا چوتھا بڑا نہری نظام موجود ہے جو دریائے سندھ اور اس کے معاون دریائوں سے نکالی گئی نہروں پر مشتمل ہے۔ دنیا کی بلند ترین پکی سڑک یعنی کہ شاہراہ قراقرم بھی پاکستان میں موجود ہے۔ پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے بننے والے کھیلوں کا سامان خصوصاً یہاں بننے والے فٹبال دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ حتیٰ کہ یہاں بننے والے فٹبال امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے زیر انتظام انٹرنیشنل سپیس سٹیشن میں موجود خلا باز بھی استعمال کرتے ہیں۔۔

·        پاکستان کی فوج دنیا بھر میں تکنیکی اعتبار سے بہترین افواج میں شمار کی جاتی ہے۔ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جو اپنے جنگی طیارے اور ٹینک بناتے ہیں۔ پاکستان کی میزائیل ٹیکنالوجی دنیا کی بہترین میزائیل ٹیکنالوجیز میں سے ایک ہے۔

·        پاکستان میں فن تعمیر کے بہت سے قدیم اور جدید شاہکار نمونے بھی موجود ہیں جن میں بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ، شالیمار باغ، ہرن مینار، مینار پاکستان، مزار قائد اور شاہ فیصل مسجد وغیرہ شامل ہیں۔ پاکستان کے شمالی علاقے جات میں شندور ٹاپ پر دنیا کا سب سے اونچا پولو گرائونڈ موجود ہے جس کی ایک جھلک دیکھنے دنیا بھر سے سیاح پاکستان آتے ہیں۔

·        سرزمین پاکستان کو قدرت نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ انہی نعمتوں میں سے ایک پاکستان کے طبعی خدوخال میں موجود ڈائیورسٹی بھی ہے۔ پاکستان میں آپ کو ساحل سمندر، صحرا، گھاس کے میدان، گرم مرطوب جنگل، سرد مرطوب جنگل، مرغزار، گلیشیرز اور بہت سے دوسرے طبعی خدوخال ملتے ہیں۔ طبعی خدوخال میں اتنی زیادہ ڈائیورسٹی ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بہت سی منفرد جنگلی حیات پائی جاتی ہے۔ جنگلی حیات کے اعتبار سے پاکستان کا مقابلہ اگر ایران سے کیا جائے جو رقبے کے لحاظ سے پاکستان سے کافی بڑا ہے تو بھی پاکستان میں جانوروں اور پودوں کی مختلف اقسام کی تعداد ایران سے بہت زیادہ ہے۔ پاکستان کو اگر آپ Land of Diversity کہیں تو بے جا نہ ہوگا۔

·        سیاحت کے اعتبار سے پاکستان ایک بے مثال ملک ہے اور سیاحوں کے پسندیدہ ممالک میں سے ایک ہے۔ پاکستان میں موجود حسین وادیوں میں نیلم، کاغان، کمراٹ، چترال، کشمیر اور ہنزہ وغیرہ شامل ہیں جن کی خوبصورتی کسی کو بھی سحر ذدہ کرسکتی ہے۔ وادئ سوات کو تو سوئیٹزر لینڈ آف دا ایسٹ بھی کہا جاتا ہے۔

·        پاکستان دنیا کے ان ممالک میں موجود ہے جہاں 5 موسم پائے جاتے ہیں یعنی موسم گرما، مون سون، موسم خزاں، موسم سرما اور موسم بہار۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسمیاتی شدت ایک دوسرے سے مختلف ہے۔ ایک ہی وقت میں سبی اور جیکب آباد میں گرمی جبکہ گلگت اور بلتستان میں سردی پڑ رہی ہوتی ہے۔

·        پاکستان جغرافیائی اعتبار سے ہجرت کرنے والے پرندوں کی رینج کے درمیان میں آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں بے شمار مہاجر پرندے سال کے مختلف موسموں میں آتے رہتے ہیں۔ پاکستان میں نہ صرف موسم سرما میں ہجرت کرنے والے پرندے آتے ہیں بلکہ موسم گرما میں ہجرت کرکے آنے والے بھی بہت سے پرندے پاکستان سے گزرتے ہیں۔

·        پاکستان اگرچہ معاشی مسائل سے دوچار ہے لیکن اگر یہاں کے جغرافیائی اور معدنی وسائل کا صحیح طریقے سے استعمال کیا جائے تو یہ خطہ اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے دنیا کے امیر ترین ممالک میں شامل ہوسکتا ہے۔ اگر گوادر کی بندرگاہ صحیح معنوں میں کامیاب ہوجائے تو یہ پاکستان کا ساحلی علاقے دبئی اور دیگر خلیجی ممالک کو پیچھے چھوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دعا ہے کہ پاکستان ہمیشہ یونہی قائم و دائم رہے۔

 


Https://www.ITStudypk.blogspot.com/

 


Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.